زیلنسکی کی اوسلو میں اسٹیو وٹکوف سے ملاقات، واشنگٹن اور کیف کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوشش

اوسلو(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کم کرنے اور دوطرفہ رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مذاکرات میں ناروے اور فن لینڈ کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس کے حوالے سے نرم مؤقف اختیار کیے جانے پر یوکرین میں تشویش پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب کریملن نے امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان جلد ملاقات کی امید ظاہر کی ہے۔ یورپی ممالک بھی واشنگٹن اور کیف کے درمیان بڑھتے اختلافات کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
یوکرین کا مؤقف ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے روسی میزائل حملوں سے متعلق پیشگی انٹیلی جنس کی فراہمی، فضائی دفاعی نظام اور ڈرونز کے لیے سیٹلائٹ مواصلاتی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔ کیف کے مطابق یہ سہولتیں روسی حملوں کا مقابلہ کرنے اور دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے اہم ہیں۔
اوسلو میں ہونے والی ملاقات کو امریکا اور یوکرین کے درمیان رابطوں میں بہتری لانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ روس کے ساتھ ممکنہ مذاکرات اور یورپی ممالک کی سفارتی کوششیں بھی یوکرین تنازع کے مستقبل کے حوالے سے اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔



