غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، میاں بیوی اور 17 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس(ویب ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں میاں بیوی اور 17 سالہ نوجوان سمیت مزید 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابوبکر شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے بعد ازاں دعویٰ کیا کہ اکرم یاسین حماس کے سکیورٹی ادارے کے سینئر عہدیدار تھے۔
دوسری جانب جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا، جبکہ غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک فلسطینی جان کی بازی ہار گیا۔
غزہ کے رہائشیوں نے جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تسلسل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود فضائی حملوں، گولہ باری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات جاری ہیں، جس سے شہریوں کی زندگیوں کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 1,500 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان واقعات نے جنگ بندی کی پائیداری اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔



