ہنگو میں خونریز جھڑپ،8دہشت گرد ہلاک،پاک فوج کے2افسروں سمیت6شہید

ہنگو (جانو ڈاٹ پی کے)ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی خوارج کے خلاف بڑی کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 افسران سمیت6جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

شدید جھڑپ کے دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو افسران نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ 4 جوان بھی شہید ہوئے۔

یوں کارروائی میں پاک فوج کے 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کے خلاف کارروائی میں مصروف تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور شہید ہونے والے 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

مزید خبریں

Back to top button