فیول ریلیف سکیم،22لاکھ افرادرجسٹرڈ،19لاکھ ٹوکن ریلیز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم میں اب تک 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسکیم میں رجسٹرڈ افراد میں سے 92 فیصد موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشا استعمال کرنے والے ہیں، جبکہ ان گاڑیوں کے لیے مالک ہونے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشا اسکیم کے لیے اہل ہیں، جبکہ وزیراعظم نے 15 سال کی بجائے 20 سال پرانی موٹر سائیکل، رکشا اور گاڑیوں کو بھی اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دی۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشا استعمال کرنے والوں کو ماہانہ چار ٹوکن ملیں گے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن بھی مفت کردی گئی ہے اور ایک ٹوکن پر پانچ لیٹر پٹرول کی حد ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہی 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد رجسٹریشنز ہوئیں جبکہ 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کیے گئے۔ اب تک 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ایک لاکھ 52 ہزار ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ فیول ریلیف اسکیم ملک بھر کے پٹرول پمپس پر دستیاب ہے اور اوگرا کے ذریعے پٹرول اسٹیشنز کو اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ عوام کی آراء کی روشنی میں اسکیم میں مزید بہتری لائی جائے گی۔



