اسلام آباد میں احتجاج کا خدشہ، خیبرپختونخوا سے آنے والے راستوں پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی سکیورٹی سخت کرنے کی تیاری، وفاقی پولیس نے خیبرپختونخوا سے دارالحکومت آنے والے احتجاجی قافلوں کو روکنے کے لیے مختلف شاہراہوں پر خندقیں کھودنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے راستوں کے سروے کے بعد وفاقی پولیس نے جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ممکنہ احتجاجی قافلوں کی آمد روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 26 نمبر چونگی، پیرودھائی، آئی جی پی روڈ، اسوال موڑ اور کٹی پہاڑی کے مقامات پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے دیگر راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی۔
اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر موجود کنٹینرز میں مٹی سے بھری بوریاں رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز میں مٹی کی بوریاں ڈالنے کے ساتھ گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کے لیے بھی بوریاں رکھنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بوریوں میں مٹی بھرنے کے لیے درجنوں مزدوروں کو کام پر لگا دیا گیا ہے جبکہ مٹی سے بھری ٹرالیاں بھی ریڈ زون میں منگوائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا، انتظامیہ، پولیس، وزیر داخلہ اور پوری حکومت اس حوالے سے مکمل طور پر کلیئر ہے اور راستے کھلے رکھے جائیں گے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں بند کرنے اور عوام کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کو مسترد کردیا ہے، اب حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی آمدورفت میں کسی قسم کا خلل نہ آنے دیا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا اجرا کردیا گیا ہے اور وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اسکیم کا فائدہ اشرافیہ کے بجائے عام اور غریب آدمی تک پہنچنا چاہیے۔



