فیفا آسیان کپ،پاکستان کے23رکنی اسکواڈ کا اعلان،کلیم اللہ کی واپسی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فیفا آسیان کپ کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا میں تاخیر کے باعث اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ کا حصہ نہیں بن سکے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق ہیڈ کوچ ویزا ملنے کے بعد تربیتی کیمپ کے بجائے براہِ راست انڈونیشیا میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
ہیڈ کوچ کی عدم موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نولبرٹو سولانو نے ابتدائی طور پر غلط کیٹیگری کے تحت ویزا درخواست جمع کرائی تھی، جس کی نشاندہی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے دوبارہ درخواست جمع کرائی، تاہم ویزا جاری ہونے میں تاخیر ہوگئی۔
قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کریں گے، جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی 23 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ عبدالصمد نے حال ہی میں آذربائیجان کے معروف کلب قرہ باغ ایف کے کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کیا ہے۔
پی ایف ایف کے مطابق اسکواڈ میں پاکستان سے سفر کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ بیرون ملک مقیم قومی ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں، جس سے ٹیم کو بین الاقوامی تجربے کا فائدہ ملنے کی امید ہے۔



