علیمہ خان کی گرفتاری، حکومت27ستمبر کے مارچ سے ڈر گئی،راجا ناصر عباس

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت 27 ستمبر کے مارچ سے خوفزدہ ہے، اسی لیے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔علیمہ خان کی گرفتاری کی خبر کے بعد عمران خان کی بہن نورین خان نے راجا ناصر عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کا عزم کارکنوں اور عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔

راجا ناصر عباس نے کہا کہ علیمہ خان کی گرفتاری کی وہ مذمت کرتے ہیں اور ان کے بقول یہ اقدام حکومت کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان کسی احتجاج کی قیادت نہیں کر رہی تھیں بلکہ ذاتی کام کے لیے گھر سے نکلی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک خاتون کو امن و امان کے لیے خطرہ قرار دینا حکومت کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ راجا ناصر عباس کے مطابق ایسے اقدامات سے 27 ستمبر کا مارچ نہیں رکے گا بلکہ ان کے بقول مزید لوگ احتجاج کے لیے باہر نکل سکتے ہیں۔راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے عوام نہ ڈریں گے اور نہ جھکیں گے، جبکہ ان کے مطابق اپوزیشن کی جدوجہد اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ آئین اور عوام کے حقوق کے لیے ہے۔انہوں نے علیمہ خان کو بانی پی ٹی آئی کی بہادر اور شجاع بہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اس انداز میں گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button