حوثیوں کے حملے معشیت کھانے لگ گئے،سعودی اور خلیجی اسٹاک مارکیٹس میں مندی

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کے بعد سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کی اسٹاک مارکیٹس دباؤ کا شکار ہوگئیں۔

رائٹرز کے مطابق کاروبار کے آغاز پر سعودی عرب کا بینچ مارک انڈیکس تاسی (TASI) میں 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سعودی آرامکو کے حصص 0.6 فیصد اور سعودی نیشنل بینک کے حصص 0.5 فیصد نیچے آگئے۔

قطر کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی منفی رجحان دیکھا گیا اور مرکزی انڈیکس QSI میں 0.9 فیصد کمی ہوئی۔ قطر میں انڈسٹریز قطر کے حصص میں 3.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس نے مجموعی مارکیٹ پر بھی دباؤ ڈالا۔

حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے ریاض میں بعض ’’حساس‘‘ اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں کے دعوے کے بعد سرمایہ کاروں میں خطے کی سکیورٹی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا، جس کا ابتدائی اثر خلیجی اسٹاک مارکیٹس پر دیکھا گیا۔

مارکیٹ میں آنے والی اس مندی سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں فوجی کشیدگی سے متعلق خبروں پر سرمایہ کاروں کا ردعمل فوری طور پر مالیاتی منڈیوں میں بھی ظاہر ہوسکتا ہے۔

حوثیوں کے حملوں سے متعلق دعووں اور نقصانات کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق مختلف ذرائع سے ہونا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button