بھارتی چینلز میرے گانے بغیر اجازت استعمال کرتے ہیں، میں نے کبھی کلیئرنس نہیں دی، سجاد علی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی کسی بھارتی ٹی وی چینل کو اپنے گانے استعمال کرنے کی اجازت یا کاپی رائٹ کلیئرنس نہیں دی۔
انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں سجاد علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے ان سے متعلق مختلف غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، جن میں یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ انہوں نے پاکستان آئیڈل کے شرکا کو اپنے گانے گانے کی اجازت نہیں دی، جبکہ بھارتی پروگراموں میں یہی گانے پیش کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک بھارتی پروگرام میں دو بچوں کو ان کا مقبول گانا راوی گاتے دیکھا، جس کی وہ تعریف کرنا چاہتے تھے، تاہم اس معاملے کو بھی غیر ضروری تنازع بنا دیا گیا۔
سجاد علی نے کہا کہ انہوں نے کبھی پاکستان آئیڈل کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی۔ ان کے بقول، ٹورنٹو میں ایک شو کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے صرف اتنا کہا تھا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ موسیقی کے حقوق ایک قانونی معاملہ ہیں اور متعدد فنکار اپنی تخلیقات کے تجارتی استعمال کی اجازت نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹی وی چینلز ان کے گانے بغیر اجازت استعمال کرتے ہیں اور ان کی ٹیم اس معاملے کا قانونی و تکنیکی جائزہ لے گی۔
آخر میں انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے کے بجائے حقائق کی تصدیق کریں اور اپنے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کریں۔



