پان مسالہ اشتہار کیس میں شاہ رخ، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو بڑا جھٹکا

نئی دہلی(جانو ڈاٹ پی کے) پان مسالہ کے اشتہار سے متعلق قانونی معاملے میں بالی ووڈ اداکاروں شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو فوری ریلیف نہ مل سکا، دہلی ہائی کورٹ نے کارروائی کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق درخواست اشتہار سے منسلک کمپنی پی بی ایگرو کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مہاراشٹرا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کی جانب سے تینوں اداکاروں کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹسز کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس سوارنا کانتا شرما نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ معاملے سے متعلق اعتراضات پر کارروائی کے لیے مہاراشٹرا مناسب قانونی فورم ہے اور دہلی ہائی کورٹ اس معاملے کی علاقائی حدود کے باعث سماعت کا اختیار نہیں رکھتی۔
پی بی ایگرو کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کمپنی کا دفتر دہلی میں موجود ہے، اس لیے دہلی ہائی کورٹ اس کیس کی سماعت کرسکتی ہے۔ کمپنی نے عدالت کو بتایا کہ اشتہاری مہم دارالحکومت میں تیار اور منظم ہوئی جبکہ برانڈ ایمبیسیڈرز کو ادائیگیاں بھی دہلی سے کی گئی تھیں۔
تاہم عدالت نے ان دلائل کو کافی قرار نہیں دیا۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ مہاراشٹرا ایف ڈی اے کے شوکاز نوٹس پی بی ایگرو کو جاری ہی نہیں کیے گئے تھے بلکہ صرف اداکاروں کو بھیجے گئے تھے۔
عدالت کے مطابق کمپنی کو نہ تو جواب جمع کرانے، نہ اشتہار ہٹانے، نہ دستاویزات فراہم کرنے اور نہ ہی حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔
یوں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف سے متعلق معاملے میں فوری عدالتی ریلیف کا راستہ فی الحال بند ہوگیا ہے، جبکہ قانونی اعتراضات کے لیے مہاراشٹرا میں متعلقہ فورم سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔



