پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا اور حکومت کو یہ فیصلہ ہر صورت واپس لینا ہوگا۔

کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے، اگر نوجوان میدان میں نکل آئے تو حکمرانوں کے لیے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ پٹرولیم لیوی اور بھتہ خوری کا خاتمہ نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک حکومت کے گھیراؤ تک پہنچ سکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ اگلے روز بھی کراچی میں موجود ہوں گے جہاں جلسہ کیا جائے گا، جبکہ اس کے بعد لاہور، مردان اور پشاور میں جلسے ہوں گے، جس کے بعد دوبارہ اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حکومت نے ایک اجلاس میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کسی صورت لاک ڈاؤن نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت کو اپنے اخراجات کم کرکے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کا سلسلہ ختم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

انہوں نے وزیراعظم سے سودی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سود کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ سود کے خاتمے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور صنعتوں کی بحالی ممکن ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر سودی نظام کے خلاف تحریک شروع کی گئی تو حکومت کے لیے صورتحال مزید مشکل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں میں آٹا، چینی اور آئی پی پیز سے متعلق مفادات رکھنے والے گروہوں کی موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button