پٹرولیم لیوی موجودہ حالات میں ختم کی جائے، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے موجودہ حالات میں پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت فی لٹر پٹرولیم مصنوعات پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کر رہی ہے، جسے موجودہ صورتحال میں ختم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے جبکہ تنخواہ دار طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ پیپلزپارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور پٹرولیم لیوی ختم کرے۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق قرارداد پی ٹی آئی کے رکن محمد اویس نے پیش کی، جس کی پیپلزپارٹی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ہے، اس لیے اسے وفاقی حکومت سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں ایم کیو ایم پیپلزپارٹی حکومت کی اتحادی تھی اور پٹرول کی قیمت میں ایک روپے اضافے پر حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جبکہ اب قیمتوں میں بڑے اضافے پر اتحادی جماعتوں کو وفاقی حکومت سے بات کرنی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button