پی ٹی آئی کے سابق ارکان اصولی مؤقف رکھتے ہیں تو بلیو پاسپورٹ لینے سے انکار کریں،عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بہتر سمجھا گیا تو ان کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ 2 سال قبل پی ٹی آئی پر پابندی کے اصولی فیصلے کی بات کی تھی ، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پارلیمان میں بحیثیت جماعت موجود نہیں اور دہشت گردی میں سہولت کاری کے باعث وہ خیبر پختونخوا کی حکومت بھی کھو چکی ہے، اب مرے ہوئے کو کیا مارنا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف خود کو اصولی جماعت سمجھتی ہے تو اس کے سابق اراکین پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ لینے سے انکار کر دینا چاہیے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا مارچ جہاں جہاں سے گزرا وہاں مقامی لوگ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں تھے، یہ بغیر کسی خوف ان علاقوں سے گزرے تو کوئی تو رابطہ ہوگا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کوہاٹ جانے سے پہلے مجھے وہاں سے مقامی شخص کا میسج آیا، جس میں کہا گیا کہ کوہاٹ آئے تو یہ واقعات آپ کے ساتھ ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ پولیس کے شہید اہلکار کے گھر جانا ہے اور میں گیا، ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بہتر سمجھا گیا تو ان کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی پر تو مذاکرات نہیں کرتی لیکن بلیو پاسپورٹ اور دیگر مراعات پر بات کرلیتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button