سریندر ولاسائی کے خط پر ایکشن،تھرپارکر میں گھاس اور فصلوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے انتظامیہ متحرک

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط پر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے سال 2026-27 کے دوران ضلع میں گھاس اور فصلوں کی افزائش اور پکنے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تھرپارکر کے بیشتر علاقے بارشوں پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ تحصیل کلوئی کا بڑا حصہ بارانی اور صحرائی علاقے پر مشتمل ہے۔ عام طور پر جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں اور گھاس کی نشوونما اور پکنے کا عمل جاری رہتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ زراعت کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ سروے اور دیہہ وار جائزہ لیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ مختیارکاروں اور تپیداروں کے تعاون سے گھاس اور فصلوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ، واضح آرا اور تجاویز کے ساتھ فوری طور پر پیش کی جائے، تاکہ صورتحال کے مطابق مزید ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ حکم نامہ 13 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا، جسے انتہائی فوری اور ترجیحی نوعیت کا قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button