انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاک انڈونیشیا بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے تربیتی پروگرامز، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

انڈونیشین بحریہ کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ ملاقات میں باہمی رابطوں اور عملی تعاون کے ذریعے دونوں بحری افواج کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button