غزہ میں جنگی جرائم کے شواہد کا خدشہ، اقوام متحدہ کا معائنہ کاروں کو مکمل رسائی دینے کا مطالبہ


نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے غزہ کے تمام علاقوں تک معائنہ کاروں کو رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ ملنے والی انسانی باقیات میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جو ممکنہ جنگی جرائم کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
وولکر ترک کے مطابق غزہ کے اسرائیلی زیرِ کنٹرول علاقوں میں بلڈوزروں کے ذریعے بڑے پیمانے پر زمین مسمار کی جا رہی ہے جبکہ انسانی لاشوں کے احترام کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے متاثرین کی شناخت، فرانزک شواہد محفوظ کرنے، تدفین کے مقامات کا ریکارڈ مرتب کرنے اور متاثرین کے لواحقین کو آگاہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں 73 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔