امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر دورانِ پرواز مبینہ حملے کے الزام میں گرفتار، عملے کے 2 ارکان زخمی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں فضائی عملے کے ارکان پر مبینہ حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے میں عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکارہ کو اتوار کی رات طیارے کی نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک فضائی میزبان کو مکے مارے جبکہ دوسرے کو کاٹا، جس کے بعد پولیس اور طبی عملے کو طلب کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق نیویارک کے علاقے کوئنز کی عدالت میں سلمیٰ بلیئر پر اسپتال منتقلی کے دوران پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے۔ عدالت نے ان کی ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالر نقد یا 60 ہزار ڈالر کے بانڈ کی شرط مقرر کی۔

اداکارہ کے نمائندے نے مؤقف اختیار کیا کہ سلمیٰ بلیئر کو دورانِ پرواز طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے فوراً بعد اداکارہ کو طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔

دوسری جانب ڈیلٹا ایئر لائنز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور غیر ذمہ دارانہ یا غیر قانونی رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی بھی طیارے میں پیش آنے والے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سلمیٰ بلیئر اس سے قبل بھی 2016 میں دورانِ پرواز ایک تنازع کا سامنا کر چکی ہیں۔ اس وقت اداکارہ نے بتایا تھا کہ ادویات کے ساتھ شراب کے استعمال کے باعث انہیں واقعے کی مکمل یاد نہیں رہی اور انہوں نے اپنے رویے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

تاہم موجودہ واقعے کے حوالے سے ان کے نمائندے نے طبیعت کی خرابی کو وجہ قرار دیا ہے، جبکہ واقعے کی اصل وجوہات اور مبینہ حملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button