میرے 18سال جہنم بنانے والے اب ’جہنم میں جلتے رہو‘، نانا پاٹیکر کی موت پر تنوشری دتہ کا سخت ردعمل

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال سے متعلق خبر پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف تلخ الفاظ استعمال کیے ہیں۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ 18 برس ان کی زندگی کے لیے انتہائی تکلیف دہ رہے۔
تنوشری دتہ نے انسٹاگرام پر جاری پیغام میں لکھا کہ ’’نانا پاٹیکر، جہنم میں جلتے رہو، گزشتہ 18 سال میری زندگی جہنم بنانے کے لیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی روح کو کبھی سکون نہ ملے اور وہ ہزاروں سال تک اپنے اعمال کی سزا بھگتیں۔
واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے 2018 میں نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس وقت یہ معاملہ بالی ووڈ میں خاصی توجہ کا مرکز بنا اور بھارت میں ’می ٹو‘ تحریک کے دوران بھی زیر بحث رہا۔ نانا پاٹیکر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
تنوشری دتہ کی حالیہ پوسٹ ایک بار پھر دونوں اداکاروں سے جڑے پرانے تنازعے کو خبروں میں لے آئی ہے۔ تاہم، نانا پاٹیکر کے انتقال سے متعلق دعوے کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔



