چینی کمپنی زیِکر کی الیکٹرک گاڑی کا عالمی ریکارڈ، ڈرفٹنگ کے ذریعے انتہائی تنگ راستہ عبور کرلیا

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی کار ساز کمپنی زیِکر نے اپنی الیکٹرک گاڑی کو ڈرفٹنگ کے ذریعے انتہائی تنگ راستے سے گزار کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اس منفرد کارنامے کے دوران گاڑی اور راستے کے درمیان مجموعی فاصلہ صرف 25 سینٹی میٹر ریکارڈ کیا گیا۔
کمپنی کی نمائندگی کرنے والے ڈرائیور چیئن جوئی یو نے زیِکر 7 ایکس الیکٹرک گاڑی کو سائیڈ وے ڈرفٹنگ کرتے ہوئے محدود جگہ سے گزارا۔ اس دوران گاڑی کو غیر معمولی مہارت کے ساتھ قابو میں رکھتے ہوئے مقررہ راستہ عبور کیا گیا۔
ریکارڈ کی پیمائش کے لیے راستے کی چوڑائی میں سے گاڑی کی لمبائی منہا کرکے باقی رہ جانے والے فاصلے کا حساب لگایا گیا۔ اس پیمائش کے مطابق گاڑی کے گزرنے کے لیے مجموعی طور پر صرف 25 سینٹی میٹر کی گنجائش باقی تھی۔
کمپنی نے یہ عالمی ریکارڈ اپنی پانچویں سالگرہ کے موقع پر قائم کیا۔ اس کامیابی کو الیکٹرک گاڑیوں کی صلاحیت اور ڈرائیونگ کی مہارت کے حوالے سے ایک منفرد کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔
زیِکر کی اس کامیابی نے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں کمپنی کی کارکردگی کو نمایاں کیا ہے، جبکہ انتہائی تنگ راستے سے ڈرفٹنگ کے ذریعے گاڑی گزارنے کی ویڈیو بھی شائقین کی توجہ حاصل کرسکتی ہے۔



