او آئی سی کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، مملکت کی سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعلان

دوحہ(ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانا مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حوثیوں کی جانب سے ایسے اقدامات کا مسلسل جاری رہنا خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہے۔

حسین ابراہیم طہٰ کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات یمن کے بحران کے جامع اور دیرپا سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، جبکہ عالمی برادری اس تنازع کے پُرامن حل کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی مملکت کی جانب سے اپنی قومی سلامتی کے تحفظ، شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

حسین ابراہیم طہٰ نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ خطے کو مزید کشیدگی اور بدامنی سے بچانے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں اور امن عمل کے ساتھ سنجیدہ وابستگی کا مظاہرہ کریں۔

مزید خبریں

Back to top button