عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں، ترقی پذیر معیشتوں کے مفادات کا تحفظ کریں گے، محمد اورنگزیب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں ضروری تبدیلیاں لانا ہوں گی۔

جی 24 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان جی 24 کی آئندہ صدارت کے دوران ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ اور انہیں درپیش معاشی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تقسیم کے باعث تجارت اور سرمایہ کاری میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ترقیاتی کامیابیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت مالیاتی حالات اور مالی وسائل کی قلت بھی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے بڑے چیلنجز بن چکے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ جی 24 کی بنیادی ترجیح بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ترقی کو مرکزی حیثیت دلانا ہے۔ اس کے ساتھ بریٹن ووڈز اداروں کو زیادہ نمائندہ بنانے اور رکن ممالک کی ضروریات کے مطابق مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کے فروغ پر مرکوز بین الاقوامی مالیاتی نظام کی تشکیل جی 24 کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور مالی وسائل کے حصول میں درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔

محمد اورنگزیب نے نائیجیریا کی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ جامع، مستحکم اور ترقی پر مبنی عالمی معاشی نظام کے قیام کے لیے رکن ممالک اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button