مردانہ لباس میں تصاویر شیئر کرنا صحیفہ جبار خٹک کو مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
ڈرامہ سیریلز بھول، لوگ کیا کہیں گے، رفتہ رفتہ، مورے پیا اور بیٹی سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حال ہی میں اپنے آبائی علاقے کے دورے کے دوران آف وائٹ رنگ کا مردانہ کرتا شلوار پہن کر تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ مختصر بالوں کے ساتھ منفرد انداز میں نظر آئیں۔
صحیفہ جبار خٹک نے تصاویر کے ساتھ لکھا کہ "اپنی جڑوں سے دوبارہ جڑنا ایک خوبصورت احساس ہے”۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان چاہے دنیا کی نظر میں کتنی ہی کامیابیاں حاصل کر لے، اپنے شہر، اپنی مٹی اور اپنے لوگوں سے وابستگی ہمیشہ قائم رہتی ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی محبت، مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
اداکارہ کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جہاں متعدد صارفین نے ان کے لباس اور انداز پر تنقید کی۔ بعض افراد نے ان کے حلیے کو غیر روایتی قرار دیتے ہوئے مختلف تبصرے کیے، جبکہ کچھ نے انہیں مردانہ القابات سے بھی مخاطب کیا۔
دوسری جانب کئی سوشل میڈیا صارفین نے صحیفہ جبار خٹک کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہر فرد کو اپنی پسند کے مطابق لباس پہننے اور اپنی شخصیت کے اظہار کا مکمل حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ صحیفہ جبار خٹک اس سے قبل بھی اپنے منفرد فیشن اور لباس کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکی ہیں۔



