کراچی حملے میں شہید رینجرز جوان دلنواز پٹھان سپردِ خاک، آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا

بدین(مرتضی میمن\جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران شہید ہونے والے پاک رینجرز کے بہادر جوان دلنواز پٹھان کو ضلع بدین کے آبائی گاؤں رستم پٹھان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہید دلنواز پٹھان دہشت گردوں کے حملے کے دوران پاک رینجرز کی چوکی کا دفاع کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن پر جان قربان کر دی۔ ان کا جسدِ خاکی گزشتہ شب پنگریو کے قریب واقع آبائی گاؤں پہنچایا گیا، جہاں انہیں سرکاری اور فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

شہید کی نمازِ جنازہ میں تھر رینجرز کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عبدالجبار، بریگیڈیئر اصغر حسین، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، پولیس اور رینجرز کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی سندھ کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، جبکہ شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے بلند درجات، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button