اسٹیو اسمتھ نے پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کو شاندار تجربہ قرار دیدیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلوی اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہاں اپنے وقت سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
منگل کو پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 11 میں ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے اور ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔
راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز اسکور کیے۔جواب میں ملتان سلطانز نے اسٹیو اسمتھ کی شاندار ففٹی کی بدولت ہدف با آسانی 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
راولپنڈیز کے خلالف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اسمتھ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ ملتان سلطانز کے ساتھ بہت اچھا گزرا ہے اور ٹیم نے شاندار کرکٹ پیش کی ہے۔
اوپننگ کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پوزیشن ان کے کھیل کے انداز کے مطابق ہے کیونکہ اس میں پاور پلے کے دوران زیادہ موقع ملتا ہے۔
اسمتھ نے پی ایس ایل کو ایک مضبوط اور باصلاحیت لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر ٹیم میں معیاری کھلاڑی موجود ہیں اور مقابلہ انتہائی سخت ہے۔
ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ “میں خود نوجوانوں سے سیکھ رہا ہوں، وہ مجھے سب کچھ سکھا رہے ہیں۔”
تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نوجوان کھلاڑی مشورہ چاہے تو وہ ہمیشہ مدد کے لیے موجود ہیں۔
اسمتھ نے کہا کہ ٹیم کا ہدف آخری میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر ٹاپ ٹو میں جگہ یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں مہمان نوازی اور ملتان سلطانز کے ماحول کو بھی سراہا، تاہم کہا کہ تماشائیوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔



