ایوانِ صدرمیں بڑی بیٹھک،حکومت اورپیپلزپارٹی کاپی ٹی آئی سے مذاکرات کافیصلہ،کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال سمیت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں پی ٹی آئی قیادت سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ طے پایا کہ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام شامل ہوں گے، جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی وفد کا حصہ ہوں گے۔
ملاقات میں ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے، امن و امان کی صورتحال اور قومی سطح پر تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔



