کوئٹہ میں بڑا سفری منصوبہ شروع، بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین پٹری پر آگئی

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شہریوں کے لیے جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت کا منصوبہ عملی شکل اختیار کرگیا، سریاب سے کچلاک کے درمیان بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ میٹرو ٹرین جناح پیپلز ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جناح پیپلز ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی و وفاقی حکام، سیاسی شخصیات، ریلوے حکام اور شہریوں نے شرکت کی۔جناح پیپلز ٹرین سریاب اور کچلاک کے درمیان 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک پر چلائی جائے گی، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے راستے میں 7 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔دو بوگیوں پر مشتمل ٹرین میں بیک وقت 198 مسافروں کے بیٹھنے اور 30 مسافروں کے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ٹرین سروس کا مقصد کچلاک، سریاب اور ملحقہ علاقوں سے کوئٹہ شہر آنے جانے والے طلبہ، ملازمین، مزدوروں، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔حکام کے مطابق نئی ٹرین سروس سے کوئٹہ کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان روایتوں کی امین سرزمین ہے اور صوبائی حکومت عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔



