صومالیہ میں ہائی جیک آئل ٹینکر پرحملہ،3پاکستانیوں سمیت5افراد ہلاک

موغادیشو(جانو ڈاٹ پی کے)صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر آنر 25 پر پنٹ لینڈ سیکیورٹی فورسز کے حملے کے دوران 3 پاکستانیوں سمیت عملے کے 5 ارکان ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں۔ ایک بھارتی عملے کے رکن تنویر اور میانمار سے تعلق رکھنے والے چیف انجینئر کی بھی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

جہاز کے کپتان، جو انڈونیشین شہری ہیں، نے گفتگو کے دوران عملے کے 5 ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ جہاز پر پاکستانی، بھارتی، میانماری اور انڈونیشین شہریوں سمیت 10 پاکستانی عملے کے ارکان موجود تھے۔

جہاز کے سیکنڈ انجینئر حسین یوسف کے مطابق حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے، جن میں فور تھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشین شہری شامل ہیں۔

حسین یوسف نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ سسٹم بھی متاثر ہوا ہے اور اب اسے ایک دوسرے جہاز کے ذریعے کھینچ کر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں دھوپ میں پڑی ہیں جبکہ زخمیوں کو تاحال طبی امداد نہیں مل سکی۔

سیکنڈ انجینئر نے حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں اور لاشوں کی منتقلی کے لیے فوری طور پر ہیلی کاپٹر بھیجا جائے۔ ان کے مطابق عملے کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ بھی منقطع ہوچکا ہے اور جہاز کو واساکو لے جایا جا رہا ہے، جہاں پہنچنے میں تقریباً 3 دن لگ سکتے ہیں۔

اپریل میں بھی عملے کی مشکلات کی ویڈیو سامنے آئی تھی

رپورٹس کے مطابق اپریل میں ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر آنر 25 سے پاکستانی عملے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں انہیں انتہائی تنگ اور خراب حالات میں رکھا گیا دکھایا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جہاز پر تقریباً 12 افراد کو ایک چھوٹے کمرے میں رکھا گیا تھا، جن میں 11 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔ ان میں بعض کا تعلق کراچی سے بتایا گیا تھا۔

آنر 25 کو 21 اپریل کو صومالی ساحل کے قریب مسلح قزاقوں نے ہائی جیک کیا تھا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق تقریباً 6 مسلح افراد نے ساحل سے 30 ناٹیکل میل دور جہاز پر قبضہ کیا تھا۔ اس وقت جہاز پر مجموعی طور پر 17 افراد سوار تھے، جن میں انڈونیشین کپتان اور 11 پاکستانی شہری شامل تھے۔

مزید خبریں

Back to top button