کوٹ لکھپت جیل میں عمران خان کی بہنوں کی بھوک ہڑتال کا دعویٰ

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی نے مبینہ طور پر بھوک ہڑتال کردی ہے اور تینوں گزشتہ 48 گھنٹوں سے کھانا نہیں کھا رہیں۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم زمان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود عمران خان کی بہنوں تک ضروری اشیا نہیں پہنچائی گئیں۔ ان کے مطابق پیر کے بعد سے نہ ملاقات ہوسکی اور نہ ہی مطلوبہ سامان جیل کے اندر پہنچایا گیا۔

قاسم زمان کے مطابق معین قریشی کو بتایا گیا ہے کہ تینوں خواتین نے جیل عملے کے مبینہ نامناسب رویے کے بعد کھانے پینے کی اشیا واپس کردی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان کو تشویش ہے کہ ایسی کیا صورتحال پیدا ہوئی جس کے باعث تینوں کو بھوک ہڑتال کرنا پڑی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں 28 ستمبر کو پیش کی گئی پنجاب حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ علیمہ خان کو بیڈ شیٹ، کمبل، جوتے، چھ سوٹ، تولیہ، فیس واش، ٹوتھ برش، اسکن کیئر کٹ اور شال فراہم کی گئی ہے۔ عدالت نے یہ رپورٹ ریکارڈ پر لیتے ہوئے علیمہ خان کی بنیادی سہولیات سے متعلق درخواست نمٹا دی جبکہ اہلخانہ سے ملاقات کی درخواست پر ہوم سیکریٹری کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بھی ستمبر میں 3-MPO کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ان کی نظر بندی معطل کرنے کی فوری درخواست مسترد کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جوابات طلب کیے تھے۔قاسم زمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جیل میں موجود تینوں خواتین تک فوری رسائی دی جائے اور ان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں خاندان کو آگاہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button