مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،سابق وزیر اعظم پھوٹ کر رودیئے

کوالالمپور (جانو ڈاٹ پی کے)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ اور سابق خاتونِ اول سیتی حسمہ کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ قومی مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیتی حسمہ کی نماز جنازہ ریاست سیلنگور کی مسجد الشریف میں ادا کی گئی، جس میں ملائیشیا کی اہم سیاسی شخصیات، شاہی خاندان کے افراد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
سیتی حسمہ کے انتقال پر مہاتیر محمد کی رہائش گاہ پر بھی تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا، جہاں سیاسی رہنماؤں اور شہریوں نے سابق وزیراعظم سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا اور مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سیتی حسمہ 28 ستمبر 2026 کو کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں انتقال کرگئی تھیں۔ سرکاری طور پر ان کی موت کی وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم خاندان کے مطابق وہ انتقال سے ایک روز قبل اسپتال میں زیر علاج تھیں اور بظاہر خیریت سے تھیں، جس کے بعد اچانک طبیعت بگڑ گئی۔
مہاتیر محمد اور سیتی حسمہ کی شادی اگست 1956 میں ہوئی تھی اور دونوں کی ازدواجی رفاقت تقریباً 70 برس پر محیط رہی۔ ان کے سات بچے ہیں، جن میں سیاست دان مخرز مہاتیر، سماجی کارکن مارینا مہاتیر اور کاروباری شخصیت مخزانی مہاتیر شامل ہیں۔
سیتی حسمہ نہ صرف مہاتیر محمد کی اہلیہ اور سابق خاتونِ اول رہیں بلکہ ملائیشیا کی ایک نمایاں سماجی شخصیت کے طور پر بھی عوامی سطح پر سرگرم رہیں اور مختلف سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھیں۔



