امریکی ریاست نیواڈا میں 296کتوں کی منفرد پول پارٹی،نیا عالمی ریکارڈ بن گیا

نیواڈا(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ریاست نیواڈا میں تقریباً 300 کتے ایک عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے ریاست کے ایک واٹر پارک میں منعقد ہونے والی پول پارٹی میں شریک ہوئے۔
ڈوڈل پالوزا 2026 جسے وی لوو ڈوڈلز نے اسپانسر کیا، میں گزشتہ اتوار کو لاس ویگاس کے کائواوبنگا کینین ویگاس واٹر پارک میں 296 پوڈل مکس کتوں اور ان کے خاندانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کتوں نے پارک کے ویو پول، اسپلش پیڈ اور دیگر کم گہرے پانی والے علاقوں میں تیراکی کرکے لطف اندوز ہوئے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک نمائندے نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور تصدیق کی کہ یہ ایونٹ کتوں کی پول پارٹی میں سب سے زیادہ شرکت کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 277 کتوں کی شرکت کا تھا، جو مئی میں فلوریڈا کے ایک پارک میں منعقدہ تقریب میں قائم کیا گیا تھا۔
تقریب نیشنل ڈاگ ویک کے موقع پر منعقد کی گئی اور اس کے ذریعے ڈوڈل ریسکیو یو ایس اے کے لیے فنڈز بھی جمع کیے گئے۔
ڈوڈل ریسکیو یو ایس اے کی ڈینیئل ڈنکر نے میڈیا اداروں کو فراہم کیے گئے ایک بیان میں کہا یہ ریکارڈ ہر اس کتے اور انسان کا ہے جو ایک بڑے مقصد کے لیے یہاں آیا۔



