81 سالہ شوہر کی محبت نے دنیا کو رُلا دیا، اہلیہ کے کینسر کے علاج کے لیے 14 گھنٹے کام

ٹیکساس (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی ریاست ٹیکساس کے 81 سالہ ڈونلڈ ’’ڈان‘‘ جانسن کی اپنی اہلیہ کے لیے جدوجہد کی کہانی سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، جو اہلیہ کے کینسر کے علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بڑھاپے میں بھی روزانہ کئی گھنٹے کام کرتے رہے۔

ڈونلڈ اور ان کی اہلیہ جوزفین کی شادی کو 57 سال ہوچکے ہیں۔ ڈونلڈ آزاد ڈرائیور کے طور پر سیکڑوں میل کا سفر کرتے ہیں اور ایئرلائنز کا گمشدہ سامان متعلقہ افراد تک پہنچاتے ہیں تاکہ اپنی اہلیہ کے علاج کے اخراجات میں مدد کرسکیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جوڑے کی بیٹی ایمی جانسن نے گھر کے باہر نصب سیکیورٹی کیمرے کی ریکارڈنگ دیکھی۔ ویڈیو میں ڈونلڈ کو تھکن سے چور حالت میں بھاری سوٹ کیس سیڑھیوں سے اوپر لے جاتے دیکھا گیا۔

والد کی مشکلات کا علم ہونے پر ایمی نے ’’Help Don Retire‘‘ کے نام سے چندہ مہم شروع کی، جس کا مقصد ڈونلڈ کو سخت محنت سے ریٹائرمنٹ دلوانا اور خاندان پر موجود مالی دباؤ کم کرنا تھا۔

کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں کی بڑی تعداد نے عطیات دینا شروع کردیے اور چندہ مہم میں لاکھوں ڈالر جمع ہونے لگے، تاہم بعد ازاں چندہ جمع کرنے والے پلیٹ فارم نے مہم کو حقائق کی غلط نمائندگی کے باعث بند کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ایمی نے ابتدائی طور پر مہم چلاتے ہوئے اپنی شناخت جوڑے کی بیٹی کے بجائے مقامی رہائشی ’’ایرن ہاول‘‘ کے طور پر ظاہر کی تھی، جس کے بعد عطیہ دینے والے افراد کو ان کی رقوم واپس کردی گئیں۔

بعد ازاں خاندان نے درست شناخت اور مکمل وضاحت کے ساتھ نئی چندہ مہم شروع کی، جس کا مقصد جوزفین کے علاج سے متعلق طبی قرض ادا کرنا اور ڈونلڈ کو ریٹائرمنٹ کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ڈونلڈ جانسن نے غیر متوقع مالی مدد پر عطیہ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون ان کے لیے کسی معجزے سے کم نہیں۔ ان کے مطابق اب وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے اور کینسر کے خلاف ان کی جدوجہد میں ساتھ دینے پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button