102سالہ بزرگ سے وعدہ نبھانے کیلئے شہزادہ ہیری نے آسمان سے چھلانگ لگا دی

ٹورنٹو (جانو ڈاٹ پی کے)برطانوی شہزادہ ہیری نے کینیڈا میں ایک فلاحی مہم کے دوران اسکائی ڈائیونگ کرکے 102 سالہ سابق فوجی ایڈ مارشل سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا۔

ڈیوک آف سسیکس نے یہ چیلنج کینیڈا کی عسکری برادری کے لیے کام کرنے والے اداروں کی حمایت اور سابق فوجیوں سے متعلق آگاہی بڑھانے کی مہم کے تحت قبول کیا۔

شہزادہ ہیری کی سابق فوجی ایڈ مارشل سے ملاقات گزشتہ نومبر میں ٹورنٹو کے سنی بروک اسپتال میں قائم سابق فوجیوں کے مرکز کے دورے کے دوران ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران دونوں نے مل کر اسکائی ڈائیونگ کرنے کا منصوبہ بنایا۔

تاہم 102 سالہ مارشل کے طبی معائنے کے بعد انہیں خود طیارے سے چھلانگ لگانے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر ان کے پوتے بیلی نے دادا کی جگہ چیلنج قبول کیا۔

اس موقع پر مارشل بھی طیارے میں موجود رہے اور اپنے پوتے بیلی اور شہزادہ ہیری کو اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے دیکھا۔

زمین پر بحفاظت اترنے کے بعد شہزادہ ہیری نے کہا کہ ایسا کوئی موقع نہیں جہاں وہ 102 سالہ سابق فوجی کو مایوس کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارشل اس چیلنج کے لیے انتہائی پرجوش تھے۔

شہزادہ ہیری نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ مارشل نے خود چھلانگ لگانے کی کوشش نہیں کی کیونکہ وہ آنے والے مہینوں میں 103 برس کے ہوجائیں گے۔

اسکائی ڈائیونگ مکمل کرنے کے بعد شہزادہ ہیری نے سب سے پہلے اپنی اہلیہ میگھن مارکل کو فون کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا دو بچوں کے والد ہونے کی حیثیت سے اس مہم میں شرکت کے لیے انہیں اہلیہ کو قائل کرنا پڑا تو ہیری نے جواب دیا کہ انہیں میگھن کو منانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

مزید خبریں

Back to top button