طائز میں حوثیوں کے ٹھکانے نشانے پر، یمنی فورسز کے فضائی حملے

طائز (جانو ڈاٹ پی کے)یمن میں جاری جنگ کے دوران جھڑپوں میں شدت آگئی، یمنی حکومتی فورسز نے جنوب مغربی شہر طائز کے مغربی علاقے میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔طائز ملٹری ایکسس کے میڈیا سینٹر کے مطابق فضائی حملوں میں طائز کے مغرب میں واقع الربیعی کے علاقے میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔دوسری جانب حوثیوں کی جانب سے یمنی حکومتی فورسز کے حملوں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔یمن میں جاری تنازع کے دوران مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان کشیدگی اور فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔



