جنیداکبر کے بیان پر طلال چودھری بھڑک گئے،جواباًنمٹنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کا مقصد ریاست میں انارکی پیدا کرنا ہے، جبکہ حکومت نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والے بیانات سے ان کی منصوبہ بندی کا اندازہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق پُرامن احتجاج کے لیے اس نوعیت کے بیانات نہیں دیے جاتے۔

طلال چودھری نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی احتجاج کرتی ہیں، تاہم احتجاج قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے جنید اکبر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے ارادوں کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے 26 نومبر کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی پر مسلح ہوکر آنے اور اہلکاروں کو کچلنے کے الزامات بھی عائد کیے۔

طلال چودھری نے کہا کہ ریاست ایسے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹے گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے تناظر میں جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیر داخلہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔

یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو عوامی سڑکوں، شاہراہوں یا دیگر عوامی مقامات پر قبضہ کرنے کا قانونی حق حاصل نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button