گجرات میں قیامت خیز حادثہ،بارشی پانی کے گڑھے نے2بھائیوں کی جان لے لی

گجرات (جانو ڈاٹ پی کے)گجرات میں بارش کے پانی نے دو گھروں کے چراغ بجھا دیے، کھیلتے ہوئے دو کم سن بھائی پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔پنجاب کے شہر گجرات کے علاقے منگووال میں افسوسناک حادثے نے ہر آنکھ اشکبار کردی، جہاں بارشی پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوبنے سے دو کم سن بھائی جان کی بازی ہار گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں بھائی کھیل رہے تھے کہ اچانک بارشی پانی سے بھرے گڑھے میں جاگرے اور ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کی لاشیں گڑھے سے نکال لیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 5 سالہ عبدالرحمن اور 3 سالہ محمد شافع کے نام سے ہوئی ہے، دونوں آپس میں بھائی تھے۔
دو کم سن بھائیوں کی اچانک موت کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی کہرام مچ گیا، اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔



