اسلام آباد کو سومنات بنائیں گے!جنید اکبر کے بیان نے سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا

مردان (جانو ڈاٹ پی کے)پچھلی بار لاشیں اٹھا کر واپس گئے، اس بار ایسا نہیں ہوگا‘، جنید اکبر کا لانگ مارچ سے پہلے بڑا اعلان، اسلام آباد کو ’سومنات‘ بنانے کا بیان سامنے آگیا۔پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ احتجاج کے دوران کارکنوں کی لاشیں اٹھا کر واپس جانا پڑا تھا، تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا۔
مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی اور دارالحکومت پہنچنے کے لیے ایک ہی راستہ اختیار نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکن موٹروے اور جی ٹی روڈ کے علاوہ مارگلہ کے پہاڑوں اور ڈی آئی خان کی جانب سے بھی اسلام آباد کی طرف آئیں گے۔
جنید اکبر نے گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پارٹی اس پوزیشن میں نہیں تھی کہ احتجاج جاری رکھ سکتی، لیکن اس مرتبہ کارکنوں کی ہلاکتوں کے بعد خاموش نہیں رہا جائے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے۔‘‘
جنید اکبر کے بیان پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر احتجاج کرنے والے پُرامن شہری ہیں تو وہ ہر راستے سے اسلام آباد آئیں، تاہم قانون کی خلاف ورزی یا امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور دارالحکومت میں کسی بھی غیرقانونی اقدام یا جان و مال کے لیے خطرے کا باعث بننے والی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔



