خطے میں کشیدگی روکنے کیلئے مذاکرات اورسفارتکاری ناگزیر!پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصرکا اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان،سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور گروپ کے وزرائے خارجہ نے خطے کی صورت حال کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عمان میں مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے پر مشتمل آر-4 گروپ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جہاں وزرا نے فلسطین کے عوام کے حقوق بشمول حق خودارادیت اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیرمتزلز حمایت کا اعادہ کیا، جس کا دارالحکومت اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مشرقی بیت المقدس ہو۔بیان میں کہا گیا کہ چاروں وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی مسئلے کا منصفانہ، جامع اور مستقل حل مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے لازمی ہے۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ آر-4 گروپ وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال کا بھی جائزہ لیا اور خطے کے استحکام کے فروغ کے لیے چاروں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت اور قریبی رابطوں کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری بدستور ناگزیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button