18 سالہ نوجوان نے دنیا کا کم عمر ترین کالج پروفیسر بن کر تاریخ رقم کر دی

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)دنیا کے سب سے کم عمر کالج پروفیسر سے ملیے جو محض 18 سال کی عمر میں اس عہدے پر پہنچ گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے ناتھن تھامس دنیا کے کم عمر ترین کالج پروفیسر ہیں جو 18 سال 346 دن کی عمر میں پروفیسر بنے تھے۔
یہ اگست 2023 کی بات ہے جب ناتھن تھامس نے فلوریڈا کے میامی ڈاڈی کالج میں پڑھانا شروع کیا۔
ناتھن تھامس بچپن سے ہی بہت زیادہ ذہین تھے اور 10 سال کی عمر میں کالج میں پڑھنا شروع کر دیا تھا۔
اب ان کی عمر 21 سال ہوچکی ہے اور ان سے قبل دنیا کے کم عمر ترین مرد پروفیسر کا ریکارڈ 306 برسوں تک کولن میککلورین کے پاس رہا تھا جو 19 سال کی عمر میں پروفیسر بنے تھے۔
اسی طرح خواتین میں یہ ریکارڈ 2008 میں عالیہ صبور نے اپنے نام کیا تھا جن کی عمر اس وقت 18 سال 362 دن تھی، یعنی ناتھن تھامس سے 16 دن زیادہ۔
ناتھن تھامس نے 10 سال کی عمر میں میامی ڈاڈی کالج میں ہی پڑھنا شروع کیا تھا اور 14 سال کی عمر میں فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔
18 سال کی عمر میں انہوں نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹری ڈگری حاصل کی۔
اب وہ آن لائن کورسز پڑھاتے ہیں جبکہ یونیورسٹی آف میامی اسکول آف لا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے پڑھ رہے ہیں۔
ان کے مطابق وہ intellectual پراپرٹی لا کے شعبے میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



