بھارت میں دو سروں والا نایاب سانپ برآمد، ویڈیو نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی

گجرات (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں ریسکیو اہلکاروں نے دو سروں والا نایاب سانپ زندہ حالت میں برآمد کرلیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر رہی ہے۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق تقریباً 6 انچ لمبا غیر معمولی سانپ گجرات کے ضلع داہود کے گاؤں آگسوانی سے ملا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سانپ زہریلا نہیں جبکہ اس کے دونوں سر الگ الگ حرکت کرنے کے ساتھ مختلف ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سانپ میں بائی سیفلی (Bicephaly) نامی ایک نایاب پیدائشی کیفیت پائی جاتی ہے، جس کے باعث ایک ہی جسم پر دو سر نشوونما پاتے ہیں۔ ایسی غیر معمولی جسمانی ساخت جنگلی حیات میں انتہائی کم دیکھنے کو ملتی ہے۔
ریسکیو ٹیم نے محکمہ جنگلات کی معاونت سے نایاب سانپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے، جہاں اس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق گجرات میں زندہ دو سروں والے سانپ کی یہ پہلی دستاویزی ریسکیو سمجھی جارہی ہے، جبکہ بھارت میں بھی اس نوعیت کے صرف چند واقعات ہی رپورٹ ہوئے ہیں۔
نایاب سانپ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی حیرت اور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



