پشاور ہائیکورٹ کا رنگ روڈ اراضی معاوضہ کیس میں بڑا فیصلہ، رقم 8 لاکھ سے کم کرکے 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پشاور ہائیکورٹ نے شمالی پشاور رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے کے تعین سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ریفرنس کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اراضی کے معاوضے کی قیمت 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردی۔
جسٹس محمد فہیم ولی نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ زرعی اراضی کو ترقی یافتہ ٹاؤن شپ کی زمین کے برابر قرار دے کر معاوضہ مقرر نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ اراضی کے معاوضے میں اضافے کا دعویٰ کرنے والے مالکان پر لازم ہے کہ وہ اپنے مؤقف کے حق میں قابل اعتماد اور ٹھوس شواہد پیش کریں۔ محض دعوے کی بنیاد پر زرعی زمین کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق شمالی پشاور رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے تقریباً 23 کنال اراضی حاصل کی گئی تھی۔ 2012 میں جاری ہونے والے ایوارڈ کے تحت زمین کا معاوضہ 82 ہزار 380 روپے فی مرلہ مقرر کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ریفرنس کورٹ نے 2022 میں معاوضے کی شرح میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 8 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردیا تھا، تاہم پشاور ہائیکورٹ نے ریفرنس کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے تازہ فیصلے کے بعد اراضی کے معاوضے کی نئی شرح 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردی گئی ہے۔



