وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی احتجاجی سرگرمیاں ،خیبرپختونخوا میں سرکاری امور متاثر، متعدد سمریاں زیرِ التوا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عدم موجودگی کے باعث صوبائی حکومت کے مختلف سرکاری امور متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں، جس کے باعث وزیراعلیٰ ہاؤس میں معمول کے سرکاری امور اور اہم اجلاسوں کا انعقاد متاثر ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ کی پشاور میں عدم موجودگی، لانگ مارچ اور پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس بھی منعقد نہ ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی کے باعث متعدد اہم سمریاں بھی زیرِ التوا ہیں، جبکہ وزراء اور مشیروں پر مشتمل مختلف کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد نہیں ہوسکے۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اور ایف بی آر اہلکاروں کی شہادت کے بعد ان کی نماز جنازہ میں بھی وزیراعلیٰ یا صوبائی کابینہ کے کسی وزیر کی شرکت نہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی لانگ مارچ میں مصروفیت کے باعث بعض سرکاری افسران بھی مارچ کے انتظامات اور متعلقہ امور میں مصروف ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف سرکاری محکموں کی ڈاک اور معمول کے دفتری معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button