متحدہ عرب امارات میں نمک، چینی اور چکنائی کی نئی حدیں مقرر، خلاف ورزی پر 5 لاکھ درہم جرمانہ

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کھانے پینے کی اشیا میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار سے متعلق نئی حدود مقرر کردی گئی ہیں، جن کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا۔ مقررہ غذائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ دیگر قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اماراتی وزارت صحت کے مطابق نئی غذائی پالیسی کے تحت ڈبل روٹی میں سوڈیم، چینی اور چکنائی کی مقدار بتدریج کم کی جائے گی، جبکہ فلیٹ بریڈ میں بھی نمک، چینی اور چکنائی کی مقررہ حد مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق میٹھے دہی اور لسی سمیت دیگر غذائی مصنوعات میں بھی چینی کی مقررہ مقدار سے تجاوز کی اجازت نہیں ہوگی۔ مقررہ حد سے زیادہ نمک، چینی یا چکنائی استعمال کرنے والی مصنوعات کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ غذائی حدود کی خلاف ورزی پر متعلقہ کاروباری کمپنی کو 5 لاکھ درہم تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ سنگین یا مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں ادارہ 6 ماہ تک بند بھی کیا جا سکتا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق سنگین نوعیت کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
نئی غذائی پابندیوں کا مقصد کھانے پینے کی اشیا میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار کو بتدریج کم کرکے عوام کے لیے زیادہ صحت بخش غذائی ماحول کو فروغ دینا ہے۔



