چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر بڑا ڈیڈلاک، وزیراعظم اور محمود اچکزئی کی ملاقات کھٹائی میں پڑگئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت کا معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا، حکومتی رابطے کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی ملاقات نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے وزیراعظم سے ملاقات سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی شرط رکھی، تاہم حکومت نے یہ مطالبہ مسترد کردیا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ کسی سزا یافتہ شخص کا آئینی معاملات میں فیصلہ سازی کے حوالے سے کوئی کردار نہیں، لہٰذا چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سمیت آئینی معاملات پر مشاورت صرف وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونی چاہیے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کو پہلے ہی دو خطوط لکھ چکے ہیں، تاہم ملاقات کے لیے پیش رفت نہ ہوسکی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محمود اچکزئی پارلیمنٹ اور وزیراعظم آفس میں ملاقات سے بھی گریز کر رہے ہیں، جس کے باعث آئینی تقرریوں پر مشاورت اور پیش رفت کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button