سپیکرقومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینے گھرپہنچ گئے،پی ٹی آئی مذاکرات کی ناکامی کی وجہ بتادی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بڑھتی ہوئی قربتوں کے تناظر میں وفاقی حکومت بھی متحرک ہوگئی، وزیراعظم کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے اسباب سے آگاہ کیا، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔ملاقات کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے بطور سہولت کار مذاکرات کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی اور آئندہ بھی معاملات کے سیاسی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر زور دیا کہ سیاسی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔حکومتی وفد نے بریفنگ میں مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈلاک کی ذمہ دار حکومت نہیں، بلکہ دہشت گردی کے معاملے پر تعاون سے انکار مذاکرات کی ناکامی کی بنیادی وجہ بنا۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button