’’طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو شکست دے دی‘‘حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کے ناقابلِ شکست ہونے کے تاثر کو چیلنج کردیا۔
وفاقی دارالحکومت میں غزہ یکجہتی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تمام تر سرگرمیوں کے باوجود غزہ کو فراموش نہیں کیا اور فلسطینی عوام کے حق میں جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو دنیا کی تاریخ میں ایک بڑی تبدیلی واقع ہوئی، طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کے ناقابلِ شکست ہونے کے تصور کو غلط ثابت کیا۔ ان کے مطابق اسرائیلی ٹیکنالوجی بھی اس روز ناکام ہوئی، جبکہ بعد ازاں غزہ کے نہتے عوام کو شدید بمباری کا سامنا کرنا پڑا۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں 80 ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے عوام فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، تاہم مظلوم فلسطینیوں کی عملی مدد کے حوالے سے صورتحال افسوسناک ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے امریکی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ امریکا نے عالمی رائے کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ باضمیر لوگوں کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق اس وقت بھی اسرائیلی جیلوں میں ساڑھے 9 ہزار فلسطینی قید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی مزاحمت کے باعث دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں ایک نئی صف بندی پیدا ہوئی ہے، جبکہ ان کے بقول امریکا میں بھی بڑی تعداد میں نوجوان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔



