بھارت میں ووٹر لسٹوں پر ہنگامہ،راہول گاندھی پولیس کی حراست میں،پریانکاکابھی احتجاج

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے)بھارت میں ووٹر لسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج جاری ہے، نئی دہلی میں مظاہرے کے دوران کانگریس رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی بھی احتجاج میں شریک ہوئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اور ارکان پارلیمنٹ نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔رپورٹس کے مطابق راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی نے مظاہرین کے ہمراہ الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کی کوشش کی، تاہم پولیس نے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔پولیس نے راہول گاندھی سمیت متعدد اپوزیشن رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں راہول گاندھی اور دیگر رہنماؤں کو پولیس گاڑیوں میں منتقل کیا گیا۔پریانکا گاندھی بھی احتجاج میں موجود رہیں اور پولیس کارروائی کے دوران مزاحمت کرتی دکھائی دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں گاندھی رہنماؤں سمیت متعدد اپوزیشن رہنماؤں کو بعد میں حراست سے رہا کردیا گیا۔اپوزیشن جماعتیں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی اور مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن سے وضاحت اور کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن نے احتجاج کے دوران ملاقات کے طریقہ کار سے متعلق اپنا مؤقف بھی پیش کیا ہے۔



