پاک بحریہ کی بڑی کارروائی، بحیرہ عرب میں96ملین ڈالر کی منشیات پکڑی گئی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے پاکستانی ساحل سے دور بحیرہ عرب میں دو کامیاب انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں منشیات پکڑ لی، قبضے میں لی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے کارروائیوں کے دوران دو دھاؤ کشتیوں کو روکا، جن کے خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام حشیش برآمد ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کی کامیاب کارروائیوں پر افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں علاقائی بحری سلامتی کے تحفظ اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ سمندر میں مسلسل نگرانی اور چوکسی کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی، جبکہ حالیہ کارروائیاں علاقائی بحری سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button