لاہور میں اے ٹی ایم فراڈ گینگ گرفتار، مشین سے چھیڑخانی کرکے شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)تھانہ وحدت کالونی کی حدود میں اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کرکے شہریوں کو رقم سے محروم کرنے والے 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق تینوں ملزمان میٹرک فیل ہیں جنہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے چونیاں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش ایک سال کے دوران مختلف علاقوں میں 12 سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے لیے منفرد طریقہ واردات استعمال کرتے تھے۔ گینگ کا ایک رکن اے ٹی ایم میں کارڈ پھنس جانے کا ڈرامہ کرتا، جبکہ باہر موجود دو ساتھی انجان بن کر شہریوں سے ضروری معلومات حاصل کرتے تھے۔

ملزمان اے ٹی ایم مشین کا لینگویج موڈ تبدیل کردیتے تھے، جس کے باعث سسٹم کو معمول پر آنے میں 10 منٹ سے زائد وقت لگتا تھا۔ اس دوران رقم نکلوانے والے شہریوں کے کارڈ مشین میں پھنس جاتے تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فراڈ کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک خاتون کو نوسربازی کے ذریعے اے ٹی ایم سے 19 ہزار روپے نکلوانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ بزرگ خاتون کی درخواست پر تھانہ وحدت کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button