بدین میں عالمی یوم نوجوانان کی تقریب،نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے )سماجی تنظیم سامی فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین کے تعاون سے جیم خانہ بدین میں عالمی یوم نوجوانان ”آج کے نوجوان، کل کے رہنما، آئیے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں“ کے عنوان سے منایا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی جامشورو سید عبدالستار شاہ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتوں، تحقیق، کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل کے ذمہ دار رہنما بن سکیں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین نوجوانوں کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے حوالے سے واضح مقاصد مقرر کرکے محنت، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود بدین کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، جو ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چائلڈ لیبر اور کم عمری کی شادیوں کے نقصانات کے بارے میں آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے حقوق، ذمہ داریوں اور مستقبل کے مقاصد کے حوالے سے باشعور ہوسکیں اور اپنے بہتر مستقبل کے لیے درست فیصلے کرسکیں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو مقصد میں تبدیل کرنے کے لیے تعلیم، مہارت اور محنت کو بنیاد بنانا چاہیے۔ نوجوان کسی بھی معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس لیے ان کی صلاحیتوں کو درست سمت دینا اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت، والدین، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے میں پائیدار اور مثبت تبدیلی صرف حکومت کی کوششوں سے ممکن نہیں، اس کے لیے نوجوانوں کا بھرپور تعاون اور فعال کردار بھی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل کے حوالے سے شعور پیدا کریں، قانون کی پاسداری کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے استعمال کریں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سامی فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل، ان کی تعلیم، روزگار اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے نہ صرف ان کا مستقبل روشن ہوگا بلکہ معاشرے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں بھی مدد ملے گی لاڑ کیمپس کے نوجوانوں کی جانب سے چائلڈ لیبر، کم عمری کی شادیوں اور ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق کے موضوعات پر ٹیبلوز اور تقاریر پیش کی گئیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ شرکاء نے نوجوانوں کے مسائل اور ان کے بہتر مستقبل کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور منتظمین کی جانب سے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد چانڈیو، انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو، پروگرام مینیجر سامی فاؤنڈیشن سریش کمار، کوآرڈینیٹر کیئر انٹرنیشنل سائمہ کریم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ عبدالرحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، ڈی ایس پی بدین شکیل احمد سولنگی، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، عبدالغفار کھوسو، پروجیکٹ مینیجر ساؤن لطیف جونیجو، سیدہ مکل شاہ اور دیگر پروفیسرز، طلباء، سماجی رہنماؤں، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button