کراچی،گھریلو ملازمہ ساتھی کیساتھ ملکر7تولےسونا اور نقدی لےاُڑی

 کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) گلستانِ جوہر بلاک 14 میں گھر میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ پر ساتھی کے ساتھ مل کر چوری کرنے کا الزام ہے۔ مدعی کے مطابق گھر سے 7 تولے سونا اور نقدی چوری کرلی گئی، جبکہ واردات کا مقدمہ 9 اکتوبر کو گلستانِ جوہر تھانے میں درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مقدمہ گھر کے مالک عاطف محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں گھریلو ملازمہ بشریٰ اور اس کی ایک نامعلوم ساتھی کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق 5 اکتوبر کو گھریلو ملازمہ معمول کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے گھر کام کرنے آئی۔ دوپہر سوا ایک بجے کے قریب اس کی ایک ساتھی بھی گھر پہنچی، جس کے بعد دونوں دوپہر ایک بج کر 25 منٹ پر وہاں سے چلی گئیں۔

مدعی کا کہنا ہے کہ ملازمہ نے کچھ دیر قبل اسے چائے دی تھی، جسے پینے کے بعد اسے نیند آگئی۔ اس نے شبہ ظاہر کیا کہ چائے میں مبینہ طور پر کوئی نشہ آور چیز ملائی گئی تھی۔ مدعی کے مطابق شام 8 بجے بیدار ہونے کے بعد گھر کا سامان چیک کیا تو 7 تولے سونا اور نقدی غائب تھی۔

چوری ہونے والے سونے کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف الزامات کی تصدیق عدالتی کارروائی سے ہونا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button